حلقہ این اے 148ضمنی الیکشن ، 5پولنگ کے غیر حتمی نتائج آگئے ، پیپلزپارٹی آگے نکل گئی

ملتان(پی این آئی)ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 148 میں ضمنی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے،ابتک موصول ہونے والے 5 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی 903 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے بیرسٹر تیمور الطاف 550 ووٹوں سے دوسرے نمبر پرہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، حلقے میں مجموعی طور پر 7 امیدوار میدان میں ہیں، پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے تیمور الطاف ملک میں کا ٹنے کا مقابلہ ہے۔حلقے میں کل ووٹر کی تعداد 4 لاکھ 44 ہزار 231 ہے جن میں 2 لاکھ 33 ہزار 624 مرد جبکہ 2 لاکھ 10 ہزار 607 خواتین ووٹر ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 275 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، خواتین اور مرد ووٹرز کیلئے 72، 72 پولنگ سٹیشن مختص کئے گئے جبکہ 131 پولنگ سٹیشن مشترکہ ہیں۔الیکشن کمیشن نے ان پولنگ سٹیشنز میں سے 69 کو حساس قرار دیا ہے، 3 ہزار800 پولیس افسرو اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔واضح رہے کہ حلقے میں یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوئے تھے، ان کے سینیٹر بننے پر سیٹ خالی ہوئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں