لاہور(پی این آئی)صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کی حدود میں حج پر جانے والے شہری کی قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سنیچر کی شام کو اقبال ٹاؤن کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں آج اتوار کو حج پر جانے والے 58 برس کے شہری فاروق اعظم کو ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر قتل کیا۔ اہل خانہ نے اردو نیوز نیوز کے نامہ نگار ادیب یوسفزئی کو بتایا کہ ’قتل ہونے والا شہری اپنے زخمی بیٹے اور اہلیہ کے ہمراہ حج پر جا رہے تھے۔‘ مقتول فاروق اعظم ہومیو پیتھک ڈاکٹر تھے۔ تھانہ اقبال ٹاؤن میں درج ایف آئی آر کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسر محمد شعیب فاروق مال روڈ پر واقع ایک منی ایکسچینج سے سعودی ریال لے کر گھر جا رہے تھے جب دو ڈاکوؤں نے ان کا گھر تک پیچھا کیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گھر کے دروازے پر ڈاکوؤں نے اسسٹنٹ پروفیسر محمد شعیب فاروق پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کی آواز پر جب اسسٹنٹ پروفیسر کے والد باہر آئے تو ڈاکوؤں نے ان کے سینے پر گولی مار دی اور وہ ہسپتال پہنچے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ گئے۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکوؤں نے اسسٹنٹ پروفیسر محمد شعیب فاروق کی بائیں پنڈلی پر فائرنگ کی جس کہ وجہ سے وہ زمین پر گر گئے اور ڈاکو ان سے 6500 سعودی ریال نکال کر لے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں