لاہور (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاسپورٹ بنوانے کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن لاہور پہنچے جہاں وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی، محسن نقوی نے ڈپٹی ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس کوبزرگ شہریوں کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں، انچارج پاسپورٹ آفس کو شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بھی ہدایات دیں، اس موقع پر وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلنے سے شہریوں کو بہت سہولت ملی ہے، رش بھی کم ہوا ہے اور شہریوں کے لئے انتظار کی زحمت بھی ختم ہوئی ہے، پاسپورٹ بنوانے کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ بتایا جارہا ہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کے دورے کے موقع شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے تھے، جس پر وزیر داخلہ نے آفس میں رشوت ستانی اور شہریوں کی تذلیل کرنے پر ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس کو تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا کیوں کہ وفاقی وزیر داخلہ نے جب پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاسپورٹ آفس میں موجودہ شہریوں سے ملاقات کی، اور ان کے مسائل سے متعلق پوچھا، جس کے جواب میں پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں نے شکایات کی لمبی فہرست گنوادی تھی۔
شہریوں کی جانب سے شکایات کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ’پاسپورٹ آفس کی دیواریں بھی پیسے مانگتی ہیں، پیسے دیں تو پاسپورٹ کو پہیے لگ جاتے ہیں، گارڈ سے لے کر اوپر تک ہر کوئی پیسے مانگتا ہے‘، محسن نقوی نے شہریوں سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کیلئے آیا ہوں، شکایات کا ازالہ کروں گا، شہریوں کو سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے‘، وفاقی وزیر داخلہ نے استفسار کیا کہ ’ڈائریکٹر صاحب یہ کیا ہو رہا ہے؟ ہر کوئی ایجنٹ اور عملے کی جانب سے پیسے لینے کی شکایت کررہا ہے، عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘، تاہم محسن نقوی کے استفسار پر ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے، علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس کے حالات دیکھ کر برہم ہوئے اور انہوں نے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو فوری پر طور پر تبدیل کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیدیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں