مجھے شکایتیں مت لگائیں، عمران خان نے شبلی فراز کو روک دیا

راولپنڈی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں کی ملاقات میں شبلی فراز پھٹ پڑے۔

پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبروں پر شبلی فراز نے سینیٹر اعظم سواتی کی موجودگی میں عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اور اسد قیصر اور شاندانہ گلزار کے اختلافات سے آگاہ کیا۔عمران خان نے شبلی فراز کو خاموش رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاندانہ گلزار اور باقی رہنماؤں سے بات کریں گے۔شبلی فراز نے کہا کہ مجھے شک کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے ، مجھے پارٹی میں خرابیوں کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شاندانہ گلزار، شہریار، شیر افضل جذباتی ہیں لیکن پارٹی کیلئے ان کی قربانیاں ہیں۔خان نے شاندانہ گلزار کو ملاقات کیلئے طلب کرلیا اور پارٹی مسائل پر جھگڑنے کی بجائے رہنماؤں کی رہائی پر جدوجہد کا کہا۔عمران خان نے مزید کہا کہ شکایتیں مت لگائیں،مجھے معلومات مل رہی ہیں کون کیا کر رہا ہے، مجھے پتہ ہے کس نے قربانیاں دیں اورکون کس سے ملا ہوا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے شبلی فراز کو شکایات کے بجائے پارٹی کیلئے پارلیمان کے اندر اور باہر کام کرنے کا کہا۔شاندانہ گلزار اگلے ہفتے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گی، کورکمیٹی کو عمران خان سے ملاقات اور تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close