وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو 15دن کی ڈیڈ لائن دیدی

پشاور(پی این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت کو صوبے کے واجبات اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے 15 دن کا وقت دے دیا۔ صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آپ کا زور کشمیر میں دیکھ لیا،کشمیریوں کے سامنے ایک دن میں حکومت کی ہوا نکل گئی، خیبر پختونخوا کے عوام نکل آئے تو کیا حال ہوگا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ملک کی بجلی آن اور آف کرنے کا بٹن خیبر پختونخوا کے پاس ہے، بیٹھیں اور مسائل حل کریں ورنہ غیر ذمہ دار لفظ چھوٹا ہوگا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بات نہ سنی گئی تو خیبرپختونخوا میں واپڈا کے دفاتر ٹیک اوور کر کے دکھائیں گے، اپنے صوبے کے عوام کیلیے چور کا لفظ برداشت نہیں کریں گے، چور کون ہے دنیا جانتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس سال کے 50 ارب روپے دو مہینے میں چاہییں، صوبے کو جو ریگولر پیسا دیا جاتا ہے، اس میں بھی 300 ارب روپے کم ملے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر حق مانگنا غیرذمہ داری ہے تو میں غیرذمہ دار ہی سہی، بار بار درخواست نہیں کی جاتی، حق کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ مجبور ہو کر بجلی لوڈشیڈنگ پر اس حد تک جانا پڑ رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close