راولپنڈی (پی این آئی)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فوجی جوانوں نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں تلاش کیا جس کے نتیجے میں3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے میجر بابر خان (عمر: 33 سال، ساکن ضلع میانوالی) نے بہادری سے لڑتے ہوئےشہادت کو گلے لگا لیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی دوسرے دہشتگرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں