لاہور ( پی این آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر ذوالفقار علی بھٹو کو قومی ہیرو قرار دے کر ان کی تصویر والے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق “بھٹو ریفرنس اور تاریخ” کے موضوع پر سیمینار میں ایک قرارداد منظور ہوئی، جس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے بھٹو ریفرنس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، ریاست سابق صدرکو ’قائد عوام‘ کا خطاب دے کیوں کہ عوام پہلے ہی یہ خطاب انہیں دے چکے ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کا اعلیٰ سول ایوارڈ ذوالفقار علی بھٹو کو دیا جائے، ان کے شایان شان یادگار تعمیر کی جائے اور ان کے مزار کو قومی شہید کے مزار کا درجہ دیا جائے۔
قرارداد کے متن میں درج ہے کہ مارچ میں قومی اسمبلی میں ذوالفقار بھٹو کی سزائے موت کو غیر قانونی قرار دینے کی قرارداد منظور کی گئی تھی، موجودہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ میں ریفرنس فائل کیا تھا جس کی بلاول بھٹو نے پیروی کی، قرارداد مطالبہ کرتی ہے کہ غیر منصفانہ فیصلہ بدل دیا جائے، ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید قرار دیا جائے اور اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان دیا جائے، جمہوریت کیلیے جان قربان کرنے والے کارکنان کیلیے نشان ذوالفقار بھٹو ایوارڈ قائم کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں