لاہور (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری اس لیے ہے کیونکہ اگر عمران خان یہ لڑائی ہار گیا تو پاکستان ہار جائے گا۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بہت بڑی پارٹی ہے جس میں مختلف قسم کی چیزیں ہوتی رہتی ہیں، اختلافات بھی ہوتے رہتے ہیں، پی ٹی آئی میں تھوڑا سا بھی کچھ ہوجائے، چھوٹی سی بھی بات ہوجائے تو ہمارے ہاں شور زیادہ مچ جاتا ہے، میں 2016ء سے یہی دیکھ رہا ہوں کئی بار آپ اوپر ہوتے ہیں بعض اوقات حالات میں آپ نیچے ہوتے ہیں لیکن اس وقت آپ پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں نہ ساتھ ہوں، پارٹی کا حصہ ہوں یا نہ ہوں، اس سے فرق نہیں پڑتا۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عوام کی اس وقت اہم بات یہ ہے کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا اس لیے ضروری ہے کہ اگر عمران خان یہ لڑائی ہار جاتے ہیں پھر تو پاکستان بحثیت ملک اور ہمارا معاشرہ ہی یہ جنگ ہار جائے گا، اور ہم تو افریقہ کا کوئی ملک بن جائیں گے جہاں آئین اور قانون کی کوئی بات ہی نہیں ہوگی، اس لیے اس طرح کی بات کی کوئی حیثیت نہیں کہ اس وقت پی ٹی آئی میں کوئی ناراضگی ہے یا کوئی پارٹی کا حصہ ہے یا نہیں ہے، یہ فرق نہیں پڑتا کہ آپ پی ٹی آئی میں ہوں یا نہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، اگر عمران خان ہار گیا تو پاکستان کی عوام ہار جائے گی، ہر وہ شخص جو پاکستان سے تھوڑی بہت بھی محبت رکھتا ہے، پاکستان کے عوام کی بالا دستی چاہتا ہے، اس کو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، عمران خان کا ساتھ کسی نے عمران خان کی وجہ سے نہیں دینا بلکہ عمران خان کا ساتھ آپ نے اپنی وجہ سے دینا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں