اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے کیلئے نئے نام کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کا نام فائنل ہوچکا ہے، اس عہدے کے لیے ہمارے اُمیدوار شیخ وقاص اکرم ہوں گے، پارٹی قائد عمران خان نے ان کے نام کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 3 لوگوں کو مذاکرات کا حق دیا ہے، جس نے بھی مذاکرات کرنے ہیں وہ ان سے رابطہ کرے گا، جس کے لیے ہماری صرف 2 ہی شرائط ہیں، جن میں سے ایک تو یہ ہے کہ ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلایا جائے اور دوسرا یہ لوگ سیاست سے باہر نکلیں کیوں کہ سیاست ان کی ڈومین نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں رؤف حسن نے جواب دیا کہ ہم لوگ اسمبلیاں چھوڑنے کی غلطی نہیں کریں گے، لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا ہے، حامد رضا صاحب نے جذباتی ہو کر بیان دے دیا تھا۔
بتاتے چلیں کہ پی ٹی آئی نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے پہلے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے نام کا اعلان کیا تھا تاہم کہا جا رہا ہے کہ شیر افضل مروت کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین نہ بنانے کے پیچھے ان کا سعودی عرب سے متعلق بیان وجہ بنی ہے، تحریک انصاف کے قائد عمران خان سعودی عرب سے تعلقات میں کسی قسم کی خرابی نہیں چاہتے اور اس صورتحال میں شیر افضل مروت کی تقرری سے منفی پیغام جا سکتا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں