نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کے حکم پر عملدرآمد میں قانونی رکاوٹوں کی نشاندہی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)ٹیلی کام کمپنیوں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی موبائل سمز بلاک کرنے کے حکم پر عملدرآمد میں قانونی رکاوٹوں کی نشاندہی کر دی۔

ٹیلی کام انڈسٹری کی جانب سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ سموں کی بندش کے احکامات پی ٹی اے اور صارفین کے قانونی حقوق سے متصادم ہیں ، کمپنیاں ٹیلی کام ایکٹ کےتحت بلاتعطل خدمات کی فراہمی کی پابند ہیں۔خط میں کہا گیا کہ سمز بند کیں تو صارفین کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، ایف بی آر کا سموں کی بندش کا حکم صارفین کے حقوق پرعدالت عالیہ کےفیصلوں سےبھی متصادم ہے۔ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے کہا گیا کہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف براہ راست کارروائی کی جائے ، سموں کی بندش سے قبل قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں، کسٹمرز کو باربار یادہانی کرانے اور میڈیا مہم چلائے بغیر سمیں بلاک نہیں کی جاسکتی۔خط میں مزید کہا گیا کہ ہر فرد قانون کے مطابق مناسب عمل کے ساتھ منصفانہ اور مساوی سلوک کا حقدار ہے، قانونی تقاضوں پرعملدرآمد سے سموں کی بندش کے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close