بشریٰ بی بی کی صحت اب کیسی ہے؟ اہم خبر آگئی

پشاور(آئی این پی )وزیرِ صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ بشری بی بی کی صحت کے معاملے پر میڈیکل بورڈ بنایا ہے، انہیں بھرپور میڈیکل سہولتیں دی جا رہی ہیں، بشری بی بی ہشاش بشاش اور بالکل ٹھیک ہیں، پشاور میں احتجاج والا نہیں خدمت والا کنٹینر لائے ہیں۔

وزیرِ صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے پشاور سٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بہت سے علاقوں میں صحت کی سہولتیں نہیں ہیں، ڈینگی کے وقت وزیرِ اعلی پنجاب شہباز شریف نے فوری پشاور پہنچنے کا کہا، ان کی ہدایت پر ہم سینئر ڈاکٹرز کے ہمراہ پشاور آئے تھے لیکن اس وقت کی حکومت نے واپس جانے کا کہا مگر ہم نے ڈینگی کی وبا میں یہاں ادویات دیں اور موبائل ہسپتال بھی قائم کیے۔

ان کا کہنا ہے کہ سابق گورنر خیبر پختون خوا حاجی غلام علی نے جاتی امرا میں نواز شریف اور مریم نواز کو پشاور کے متاثرینِ سیلاب کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز نے فوری امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔آج وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر 6 ٹرکوں پر امدادی سامان پشاور لائے ہیں، ہم پشاور میں احتجاج والا نہیں بلکہ خدمت والا کنٹینر لائے ہیں، نواز شریف کو پشاور کے لوگ بہت پسند ہیں، پشاور کے دیگر مسائل بھی مریم نواز کے سامنے رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے چند علاقوں میں متاثرین کو سیلاب سے تکالیف کا سامنا کرنا پڑا، ان کی بحالی تک پنجاب حکومت خدمت کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close