کسانوں نے بھی حکومت کیخلاف محاذ کھولنے کا اعلان کر دیا

ملتان(آئی این پی ) کسان اتحاد نے ملک بھر میں 10مئی سے سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ۔ صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر نے الزام عائد کیا کہ گندم درآمد کرنے کا فیصلہ صرف مال بنانے کیلئے کیا گیا ، ای سی سی میں سمری لانے والے ذمہ دار ہیں جبکہ سکینڈل میں ملوث افراد کو سخت سزدی جائے۔

تفصیل کے مطابق چیئرمین کسان اتحاد خالد کھوکھر نے ملتان میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار کسانوں نے اتنی پیدار کی کہ وہ تہوار مناتے، لیکن کرپشن کی طاقت سے 6 کروڑ کاشت کاروں کو ذبح کر دیا گیا، گندم امپورٹ کرنے والے کرداروں کو پھانسی لگنی چاہیے۔

انھوں نے فوری طور پر سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کبھی احتجاج کرنے کا دل نہیں کرتا، سڑکیں بند کرنے سے تکلیف ہوتی ہے لیکن یہ معاشرہ کسانوں کو پاکستانی اور انسان تسلیم نہیں کر رہا، زرعی ملک ہونے کے باوجود کیا گندم درآمد کرنی چاہیے تھی؟ چیئرمین کسان اتحاد کا کہناتھا کہ 10 مئی کو بعد نماز جمعہ ملتان سے احتجاج شروع کر رہے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں کسان اور سیکڑوں کی تعداد میں ٹریکٹر ٹرالیاں سڑکوں پر ہوں گی، ہمارا مقصد احساس دلانا ہے کہ زراعت کے بغیر ہمارا گزارا نہیں ہے، اس لیے ہمارے پاس احتجاج کے سوا اور کوئی آپشن نہیں ہے۔ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، ہم اپنی ذات کے لیے احتجاج نہیں کر رہے، میری درخواست ہے ہمارے احتجاج میں سول سوسائٹی بھی شامل ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں