فیصل آباد(پی این آئی)جانشین امام الہدیٰ حضرت پیر سید جاوید حسین شاہ 76 سال کی عمر میں گذشتہ شب قضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔
مخدوم زادہ سید زکریا شاہ و انتظامیہ خانقاہ عبیدیہ کے مطابق مرحوم کی نمازہ جنازہ بروز اتوارسہ پہرتین3 بجے پہاڑی والی گراونڈ فوارہ چوک نزد دارالعلوم فیصل آبادمیں ادا کی جائے گی۔ سید جاوید حسین شاہ شیخ الحدیث جامعہ عبیدیہ فیصل آباد، خانقاہ عبیدیہ، دنیا بھر میں لاکھوں مریدین کے روحانی پیشواء اور جمیعت علماء اسلام ف پنجاب کے رہنما مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ کے والد گرامی تھے۔انہیں چاروں سلاسل طریقت میں خلافت و اجازت بیعت حاصل تھی۔ مداح جبکہ مفسر قرآن حضرت مولانا عبیداللہ انور کے خلیفہ مجاز تھے۔ حضرت بہلوی، حضرت خواجہ خان محمد، حضرت علی مرتضیٰ ڈیروی، حضرت مفتی عبدالستار، حضرت سید نفیس الحسینی سمیت متعدد اہل اللہ کے جانشین تھے۔ انہوں نے پوری زندگی درس و تدریس اور احکام شریعت کی پاسداری و اشاعت میں گزاری۔ ہر بدھ کو خانقاہ عبیدیہ علامہ اقبال ٹاون میں مجلس ذکر کرواتے اور سالکین کو وعظ فرماتے تھے۔ان کے ملفوظات کی درجنوں کتابیں شائع ہوئیں۔
ان کے وعظ پر مشتمل کئی جلدوں پر مشتمل کتاب مجالس ذکر بھی مریدین میں مقبول ہے۔ سید جاوید حسین شاہ نے بیوہ کے علاوہ اکلوتے فرزند سید زکریا شاہ، تین بیٹیاں،تین داماد، پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں، ہزاروں شاگرد، لاکھوں مریدین سوگوار چھوڑے ہیں۔ حضرت سید جاوید حسین شاہ یکم جنوری 1948 کو پیدا ہوئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گاوں کلوئیا میں ابتدائی زندگی گزاری۔مختلف مدارس میں علوم نبویہ کے حصول کیلئے داخل رہے۔ جامعہ دارالعلوم فیصل آباد میں تدریس کی جبکہ سلسلہ قادریہ راشدیہ شیرانوالہ لاہور میں حضرت مولانا عبیداللہ انور رح کے خلیفہ مجاز ہوئے اور جانشین ثابت ہوئے۔ آپ تقریباْ اڑھائی سال سے ہر ہفتے میں اکثر تین دفعہ گردوں کی صفائی ڈائلاسز کرواتے تھے۔ دل کا بائی پاس بھی ہو چکا تھا۔ بستر علالت پر بھی معمولات جاری تھے۔آپ کی 3مئی جمعہ کی شب عشاء کی نماز کے بعد معمولی طبیعت خراب ہوئی مگر جانبر نہ ہو سکے اور جامعہ عبیدیہ فیصل آباد میں ہی انتقال فرما گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں