پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت میں شمولیت سے متعلق فیصلہ کرلیا

لاہور (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی ایک بار پھر دعوت دینے کے بعد پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ،پیپلزپارٹی پہلے مرحلے میں وفاقی حکومت میں شمولیت اختیار کریگی اور وزارتوں کا حلف اٹھایا جائیگا جب کہ دوسرے مرحلے میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو وزیر مملکت بنایا جائیگا۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پیپلزپارٹی کو وفاقی حکومت میں 8وزارتیں دئیے جانے کا امکان ہے ۔اس کے علاوہ حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن شپ کی آفر کر دی ہے اور اطلاعات کے مطابق پیپلزپارٹی کی خاتون رہنماءروبینہ خالدکو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ اس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی کو 2 وزارتیں سندھ، 2 بلوچستان اور 4 وزارتیں پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماو¿ں کو دی جائیں گی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پاکستان پیپلزپارٹی کو وفاقی حکومت میں شمولیت کیلئے کچھ مشترکہ دوستوں کے ذریعے پیغامات بھجوائے تھے اور انہیں ٹاسک دیاگیا تھا کہ وہ پیپلزپارٹی کو حکومت کا حصہ بننے پر راضی کریں ۔اسی طرح صدر مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زداری کا رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے موقع پر ن لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی جس پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے مثبت جواب دیا تھا مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کی یہ ذمہ داری لگائی تھی کہ وہ پیپلزپارٹی کو وفاقی کابینہ کا حصہ لازمی بنائیں اورانہیں وفاق اور پنجاب میں وزارتیں دی جائیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں