عمران خان کی رہائی کیلئے مذاکرات، پی ٹی آئی رہنما کا بڑا بیان آگیا

راولپنڈی(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعلی محمد خان کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی سے ڈیل نہیں کرنی، ہمارے مذاکرات بانی پی ٹی آئی اور دیگراسیران کی رہائی کیلئے ہوں گے،ڈیل اور مذاکرات میں فرق ہے،ہم کسی سے بھی بات چیت کیلئے تیار ہیں، عمران خان کی رہائی کیلئے ڈیل نہیں مذاکرات ہونگے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو مسائل سہنے پڑ رہے ہیں۔ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں ،چاہے وہ سیاسی قوتیں ہوں یا دیگر قوتیں سے ہوں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات کیلئے دلوں سے بغض نکالنا ہوگا۔ چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ الیکشن کرانا اہم نہیں صاف و شفاف الیکشن اہم تھے، درخواست ہے کہ اس دھاندلی زدہ الیکشن پر ازخود نوٹس لیں۔ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا، پی ٹی آئی کو سیاست کرنے دی جائے ہم سب سے بڑی جماعت ہیں۔ گفتگو کے دوران رہنماءپاکستان تحریک انصاف علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ہے کہ انتخابات میں دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔عمران خان اور دیگر رہنماؤں پر سارے کیسز بے بنیاد بنائے گئے ہیں ۔عدلیہ سے درخواست ہے کہ ہمارے کیسز کی جلد از جلد شنوائی کی جائے اور ان پر فیصلہ سنایا جائے۔

جس طرح ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔ ہماری مخصوص نشستیں ہم سے چھین کر دوسروں میں بانٹ دی گئیں اور عوامی مینڈیٹ کی توہین کی گئی ہے ۔فارم 47کے تحت جعلی حکومت بنا دی گئی اور ہماری نشستیں ان میں تقسیم کر دی گئیں ۔ہمیں امید ہے کہ عدلیہ ہمارے ساتھ انصاف کریگی اور ہمارا چھینا گیا حق ہمیں واپس دلائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ہم سے مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو پہلے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام اسیران کو رہاکیا جائے ۔ہمارے رہنماؤں و کارکنوں پر آئے روز بے بنیاد مقدمات بنانے کا سلسلہ ختم کیا جائے ۔ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

close