پی ٹی آئی الیکشن جیت چکی، بڑا دعویٰ

لاہور(پی این آئی) محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ سچ یہ ہے کہ یہ الیکشن تحریک انصاف جیت چکی، نواز شریف سے امید تھی وہ شکست تسلیم کرتے،عمران خان اور ان کی اہلیہ کو رہا کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے تحریک کے مرکزی رہنما اسد قیصر ، بی این پی مینگل کے رہنما ثنا اللہ بلوچ ،ایم ڈبلیوایم کے اسد عباس نقوی کے ہمراہ جمعہ کے روز لاہور میں کی گئی ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سچ یہ ہے کہ یہ الیکشن تحریک انصاف جیت چکی ہے، نواز شریف سے امید تھی کہ وہ کہیں گے کہ ہم یہ الیکشن ہار گئے،سیاسی لوگ بیٹھ کر اس چوری کا علاج نکال سکتے ہیں، ہم نے تحریک شروع کی ہے، کسی کو گالی نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحاد آئین کی بالا دستی کیلئے بنا ہے، ہم غدار اور باغی نہیں ہیں، ہم وسائل کے باوجود بھیک مانگ رہے ہیں، لوگوں کو اپنی پیداوار پر حق دیں،60 کی دہائی میں سوئی کے مقام پر گیس نکلی اور پورے پاکستان کے طول و عرض میں پھیلی، ہمارے علاقے میں آج بھی لوگ جھاڑیاں کاٹ کر روٹی بناتے ہیں،دنیا میں قدورتیں ناانصافی سے پھیلتی ہیں، یہاں عدل کا مذاق اڑایا جاتا ہے، خریدا اور بیچا جاتا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو آدمی 60 سال کی عمر میں پہنچ جائے اس کو ایکسٹینشن نہ دو، ایکسٹینشن بربادی کا راستہ ہے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں جتنے بھی الائنسز بنے ہیں وہ اس بات پر بنے کہ کس حکومت کو گرانا ہے اور کس کو بٹھانا ہے، ہمارا یہ واحد الائنس ہے جس کی بنیاد ہے کہ آئین کی بالادستی کرنی ہے۔آئین کاغذ کا ٹکڑا نہیں سماجی معاہدہ ہوتا ہے، ہم جاہل ،ان پڑھ سہی لیکن اتنے پاگل نہیں کہ یہ کہیں کہ ہماری فوج مضبوط نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج کا افسر سے لے کر سپاہی تک حلف اٹھاتا ہے جس کی آخری لائن ہے میں سیاست میں مداخلت نہیں کروں گا،لیکن سب جانتے ہیں کہ کیا ہورہا ہے،ہم نے اس ملک کو بچانا ہے بچا بھی سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا ملک ٹوٹا تحقیقات ہوئیں لیکن آج تک نہیں بتایا گیا کہ کون ذمہ دار ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں کوئی آئین نہیں، آزاد معاشرے آئین و قانون کے مطابق چلتے ہیں۔

ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے ،8 فروری کو لاہور شہر سے پی ٹی آئی جیتی،یہ پیغام دیا گیا کہ ووٹ ڈالنے والوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے ووٹ گننے والوں کی اہمیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں کسانوں کے ساتھ جورویہ رکھا گیا وہ حکومت کی ناکامی ہے،حکومت کو پتہ بھی تھا پھر بھی اضافی گندم منگوائی گئی ،حکومت کے پاس اعدادو شمار ہوتے ہیں،اس سال بمپر کراپ ہوئی پھر گندم منگوائی گئی ، یہ بہت بڑا سکینڈل ہے،جنہوں نے گندم منگوائی ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، میں مطالبہ کرتا ہوں گندم سیکنڈل میں نگراں وزیراعظم انوارلحق کاکڑ ،محسن نقوی اور دیگر جو ملوث ہیں ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے،کسانوں کی گندم خریدی جائے جو کسان گرفتار کیے گئے ان کو رہا کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ کیا اس الیکشن میں نواز شریف کا ضمیر نہیں جاگا ،وہ کہتے تھے میں بہت جمہوری ہوں،آپ کی بیٹی جعلی حکومت چلا رہی ہے ،آپ کا بھائی جعلی مینڈیٹ پر وزیراعظم ہے،ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے،جتنے کیسز بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر بنے ہیں واپس لیے جائیں ، سب مقدمات من گھڑت اور جعلی ہیں۔

ہمارے جتنے لوگ گرفتار ہیں ان کو رہا کیا جائے،9 مئی ایک ڈرامہ تھا کہ پی ٹی آئی کو ختم کیا جائے،9 مئی کو عوام نے 8 فروری کو زمین بوس کردیا ہے،ہم نے تو 9 مئی کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواہ سینیٹ کا الیکشن نہیں کروایا گیا ،سینیٹ سے خیبر پختوانخواہ کو محروم رکھا گیا،خیبر پختوانخواہ کو فنڈز اور افسران نہیں دئیے جارہے،اگر خیبر پختوانخواہ میں ہمیں ہمارے حقوق نہیں دیتے تو ہم آپ کی بھی حکومت نہیں چلنے دیں گے۔رہنمائوں نے بعد ازاں سینئر قانون اعتزاز احسن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close