استحکام پاکستان پارٹی کی اہم ترین وکٹ گر گئی

لاہور(پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کی سعدیہ سہیل رانا نے پارٹی کو خیرآباد کہتے ہوئے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا،سعدیہ سہیل رانا نے اپنااستعفیٰ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کو بھجوا دیا،سعدیہ سہیل رانا نے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پرآئی پی پی کی پارٹی رکنیت سے مستعفی ہورہی ہیں۔

سعدیہ سہیل نے گزشتہ سال کے آخر میں جہانگیرترین سے ملاقات کرکے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنماءسعد یہ سہیل رانا نے24اکتوبر2023ءکو پارٹی کے سابق پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین سے لاہور میں ملاقات کرکے باقاعدہ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔سعدیہ سہیل رانا کے ہمراہ پی ٹی آئی کی سابق سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس اور سمیرا بخاری نے بھی تحریک انصاف چھوڑ کر آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

تینوں خواتین رہنماوٴں نے پی ٹی آئی چھوڑنے اور آئی پی پی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس میں کیا تھا جبکہ اس موقع پر عون چوہدری و دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میں سیاسی بہنوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتی ہوں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close