بلدیاتی ضمنی الیکشن، تحریک انصاف کلین سوئپ کرنے میں کامیاب

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی ضمنی الیکشن، تحریک انصاف کلین سوئپ کرنے میں کامیاب۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ میں تحصیل چئیرمین کی متعدد نشستوں پر گزشتہ روز ہونے والے ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا میں تحصیل کونسل کے چیئرمینز کی 6 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوئے، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 5 نشستوں پر فتح حاصل کر لی، جبکہ ایک نشست کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو برتری حاصل ہوئی۔غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق چترال کی تحصیل دروش میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار فرید جان 10 ہزار 902 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ امیدوار شوکت الملک 8312 ووٹ حاصل کرسکے۔اسی طرح تنگی میں تحصیل چیئرمین کی نشست پر تحریک انصاف کے حاجی فضل امین 12 ہزار 773 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ قومی وطن پارٹی کے محمد ابراہیم خان 11880 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

کاٹلنگ کی تحصیل میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار ریاض خان 23573 ووٹ کے ساتھ جیت گئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حیدرعلی ایڈوکیٹ نے 20535 ووٹ حاصل کئے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سردار علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخواہ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں تحصیل چیئرمین کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں نے تحصیل چیئرمین کی 6 میں سے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جوصوبے کے عوام کا پی ٹی آئی پر بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔پیر کے روز جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلٰی نے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرنے پر ان علاقوں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی شاندار کامیابی پر پارٹی قیادت اور کارکنان کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close