انتخابی نتائج کیخلاف بڑی سیاسی جماعت کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

کراچی(پی این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرکے عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت بنائی جائے، جماعت اسلامی اس حوالے سے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر رہی ہے۔

کراچی پریس کلب میں ”میٹ دی پریس“ میں صحافیوں سے گفتگو اور سوالات کا جواب دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی، جمہوریت کی بقاء، معیشت کی بہتری اور بحرانوں سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ نواز لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم جعلی فارم 47 کے نتائج سے برآمد ہونے والی حکومت سے دستبردار ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جائیں، چیف جسٹس اس حوالے سے ایکشن لیں، اعلیٰ عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے اور اصلی فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرکے عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت بنائی جائے، جعل سازی سے بنی حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی، اگر نواز لیگ یہ سمجھتی ہے کہ اسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے اور اسٹیبلشمنٹ اس کے ساتھ ہے تو وہ یہ سمجھ لے کہ جمہوریت اور آئین کی پامالی سے ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close