وہی ہوا جس کا خدشہ تھا، بجلی مہنگی کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور “تحفہ” بجلی مہنگی کر دی گئی، کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین کے علاوہ ملک کے تمام بجلی صارفین پر بجلی مہنگی کرنے کے فیصلے کا اطلاق ہو گا۔

 

 

تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے بوجھ تلے دب جانے والی عوام پر گرمیوں کے آغاز پر ایک اور بجلی بم گرا دیا گیا۔ نیپرا نے بجلی 2.94 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز چئیرمین نیپرا کی زیر صدارت مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے عوامی سماعت ہوئی۔ سی پی پی اے جی نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست جمع کروائی تھی۔ اس سے قبل صارفین سے فروری کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 92پیسے فی یونٹ چارج کیا گیا تھا۔مارچ کا فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ فروری کی نسبت صارفین سے 1روپے 98 پیسے فی یونٹ کم چارج کرنے کی درخواست کی گئی۔ نیپرا نے درخواست پر ہفتے کے روز فیصلہ سناتے ہوئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین کے علاوہ ملک کے تمام بجلی صارفین پر بجلی مہنگی کرنے کے فیصلے کا اطلاق ہو گا۔

 

 

 

دوسری جانب بجلی کی فی یونٹ قیمت 100 روپے ہو جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت 31 دسمبر تک آئی ایم ایف کا ہدف پورا کرنے کے لیے بجلی کی قیمت سو روپے فی یونٹ تک لے جائے گی جبکہ پیٹرول مزید مہنگا کرے گی۔ 31 دسمبر تک 870 ارب روپے کا آئی ایم ایف کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے یہ لوگ ڈنڈی مار کر 30 جون تک 970 ارب روپے جمع کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close