پی ٹی آئی رہنما کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

فیصل آباد(پی این آئی) موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے دعوت ولیمہ میں شرکت کرکے واپس جانیوالے پی ٹی آئی کے رہنما کو قتل اور اسکے دوست کو زخمی کر دیا۔

 

 

پولیس نے مقتول کے کزن کی مدعیت میں سینئر ایڈووکیٹس باپ بیٹے سمیت 4 افراد کیخلاف درج کر لیا،آن لا ئن کے مطابق تحصیل و ضلع ننکانہ کے رہائشی طارق سلیم نے پولیس تھانہ صدر جڑانوالہ کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ سائل اپنے کزن رانا بخت بیدار اور اسکے دوست حماد رضا کے ہمراہ کنیال روڈ پر واقع ابراہیم شادی ہال جڑانوالہ میں دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد موٹر سائیکلوں پر واپس جا رہے تھے کہ بحد رقبہ چک نمبر 119 گ ب کے قریب پیچھے سے آنیوالے موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے رانا بخت بیدار اور اسکے دوست حماد رضا کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے فائرنگ سے رانا بخت بیدار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمی ہونیوالے حماد رضا کو طبی امداد کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر تشویشناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد ریفر کر دیا گیا وجہ عناد یہ ہے کہ الزام علیہان کی مقتول رانا بخت بیدار کیساتھ دیرنیہ رنجش چل رہی تھی ۔

 

 

 

اطلاع پر ایس پی ٹائون ملک عابد حسین ظفر ڈی ایس پی سرکل کھرڑیانوالہ،ایس ایچ او تھانہ صدر ریاض اٹھوال نے پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا اور ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالہ کر دیا پی ٹی آئی کے رہنما رانا بخت بیدار کے قتل کی خبر پورے شہر میں جنگ میں آگ کی طرح پھیل گئی پولیس تھانہ صدر نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مقتول رانا بخت بیدار کے کزن طارق سلیم کی مدعیت میں بار ایسوسی ایشن کے سینئر ممبر ایڈووکیٹ ملک اکرم اور اسکے بیٹے ایڈووکیٹ یاسر اکرم سمیت 4 افراد کیخلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close