پشاور(پی این آئی)جنوبی وزیرستان کے سیشن جج شاکر اللہ مروت کو مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) حافظ محمد عدنان کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ٹانک اور ڈیرہ کے بارڈرپرگاؤں بھگوال کے قریب سیشن جج کو اغوا کیا۔ حکام نے بتایاکہ مسلح افراد سیشن جج کی گاڑی اور ڈرائیور کو وہیں چھوڑ گئے اور جج کو ساتھ لے گئے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور آئی جی کو جج کی بحفاظت بازیابی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جج کو بازیاب کرانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لایا جائیں۔ علی امین گنڈاپور کا کہناتھاکہ واقعہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے، ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ اُدھر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے جج کے اغوا کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹانک کے قریب سیشن جج وزیرستان کا اغوا انتہائی افسوس ناک ہے، وزیر اعلیٰ بتائیں کہ وہ قیام امن میں کیوں سنجیدہ نہیں؟
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں