راولپنڈی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والوں سے کوئی ڈیل نہیں کروں گا، میرا اپنی قوم کے نام پیغام ہے کہ حقیقی آزادی کے حصول کے لیے مجھے جو قربانی بھی دینی پڑی دوں گا مگر اپنی اور اپنی قوم کی آزادی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔
یومِ تاسیس کے موقع پر ملاقات کے لیے جیل آنے والے ذمہ داران سے سابق وزیراعظم عمران خان نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 اپریل 1996 کو انصاف، انسانیت اور خودداری جیسے اصولوں کی بنیاد پر اپنی انصاف کی تحریک کی بنیاد ڈالی، جو اللہ رب العزت کے فضل و کرم سے تمام تر جبرو فسطائیت کے باوجود ملک کی سب سے بڑی اور مضبوط سیاسی جماعت کا روپ دھار چکی ہے۔عمران خان نے کہا کہ یومِ تاسیس پر جیل کی سلاخوں کے پیچھے سے اپنی قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں، اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور آزاد پیدا کیا ہے، نبی اکرمﷺ کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم حق اور سچ کا ساتھ دیں، دنیا میں اپنی حقیقت اور حیثیت کو پہچانیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں