پی ٹی آئی دور میں نافذ ایف بی آر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فراڈ قرار، وزیراعظم کابڑا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری روکنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور حکومت میں نافذ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو فراڈ قرار دے دیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ بجلی کی چوری میں کمی لانے اور ٹرانسمیشن لائن سے متعلق فیصلے کیے ہیں، کل سگریٹ سے متعلق ٹریک اینڈ ٹریس کی رپورٹ آئی، 2019 میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا معاہدہ کیا گیا، پہلے مرحلے میں صرف سگریٹ اور بعد میں کھاد، چینی دیگر سیکٹر شامل کیے گئے، یہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل فراڈ کے سوا کچھ نہ تھا، سگریٹ سے متعلق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اربوں کھربوں کماتا ہے، یہ پیسے ضرور قومی خزانے میں آئیں گے، یہ پیسے قومی خزانے میں نہ لائے تو ہمیں حکومت کرنے کا حق نہیں، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے معاملے پر 72 گھنٹے میں کمیٹی رپورٹ دے گی، اس سے زیادہ بد دیانتی کیا ہوگی کہ معاہدے میں پنالٹی کلاز نہیں ڈالی گئی، ٹریک ٹریس سسٹم جیسا معاہدہ اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، واجبات لینا ایف بی آر کا کام ہے وہ ان سے کہہ رہا ہے کہ خود ہی پیسا لگا کر واجبات ادا کر دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close