الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کر دیا

لاہور (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے این اے 81، گوجرانوالہ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چوہدری بلال اعجاز کا بطور رکن قومی اسمبلی کامیابی کا
نوٹیفکیشن بحال کردیا، بلال اعجاز عام انتخابات میں 8 ہزار ووٹوں کے واضح فرق سے کامیاب ہوئے تھے، لیکن دوبارہ گنتی میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

الیکشن کمیشن نے جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر فتح کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔گزشتہ ہفتے لاہور ہائیکورٹ نے این اے 81 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اظہر قیوم ناہرا کی جیت کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے بلال اعجاز کی بطور رکن قومی اسمبلی رکنیت بحال کر دی تھی۔جسٹس شاہد کریم نے یہ احکامات بلال اعجاز کی جانب سے اظہر قیوم کی جیت کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے دیے تھے۔درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اظہر قیوم کو این اے 81 سے کامیاب امیدوار قرار دینے کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انہیں این اے 81 سے 8 ہزار ووٹوں کے فرق سے کامیاب قرار دیا گیا تھا تاہم کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں غیر قانونی طور پر اظہر قیوم کو کامیاب قرار دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں