اسلام آباد(پی این آئی)شدید بارشوں کے باعث دریائے کابل کے علاقوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے، جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں میں ضروری مشینری اور عملے کی بر وقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔
خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث دریائے کابل میں سیلابی صورتحال بن سکتی ہے ایسے میں این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے خیبر پختون خواہ اور انتظامی اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے کابل کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔۔ستائیس سے تیس اپریل کے دوران متوقع سیلابی صورتحال کے باعث نوشہرہ اور چارسدہ کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔
ہدایت کے مطابق اداروں کو ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی اور بروقت ضروری اقدامات کرنے اوور سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں میں ضروری مشینری اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔دریا کا بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں شہری ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کرنے اور دریا سے منسلک علاقوں کے مکینوں کو مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں