حقیقی آزادی کیلئے جو قربانی بھی دینی پڑی دوں گا، عمران خان کا جیل سے پیغام

اسلام آباد ( پی این آئی) بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والوں سے کوئی ڈیل نہیں کروں گا،جعلی اور بےبنیاد مقدمات میں گزشتہ 9 ماہ سے جیل میں ہوں، حقیقی آزادی کیلئے جو قربانی بھی دینی پڑی دوں گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی آفیشل ایکس پر جاری ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر ملاقات کیلئے جیل آنے والے ذمہ داران سے بانی چئیرمین عمران خان نے خصوصی گفتگو کی، بانی پی ٹی آئی نے الزام عائد کہا کہ ہماری آزادی میں ایک جنگل کا بادشاہ حائل ہے جو دستوراور قانون کی دھجیاں اُڑا کر ملک میں بدترین آمریت قائم کئے ہوئے ہے۔ جنگل کے اس بادشاہ کی ضد، انا، قانون کو خاطرمیں نہ لانے اور ملک کو دستور کی بجائے اپنی مرضی کے مطابق چلانے کی ضد ملکی معیشت، نظامِ حکومت حتی کہ جمہوریت اور عدلیہ کی تباہی کا سبب بن رہی ہے۔

بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا اپنی قوم کے نام پیغام ہے کہ حقیقی آزادی کے حصول کیلئے مجھے جو قربانی بھی دینی پڑی دوں گا مگر اپنی اور اپنی قوم کی آزادی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ میری قوم جان لے کہ مجھے سراسر جعلی، جھوٹے، من گھڑت اور بےبنیاد مقدمات کی پاداش میں گزشتہ 9 ماہ سے جیل میں قید کیا گیا۔ مجھے اگر 9 سال یا اس سے بھی زیادہ عرصے کیلئے جیل میں قید رہنا پڑا تو رہوں گا مگر میری قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنے والوں سے کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close