اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی حکومت کیخلاف تحریک کا اعلان کردیا

لاہور(پی این آئی)گرینڈ اپوزیشن الائنس نے وفاقی حکومت کے خلاف مزاحمتی تحریک کا اعلان کردیا۔

گرینڈ اپوزیشن الائنس کے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی ، پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا اور ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران حکومت کے خلاف مزاحمتی تحریک کا اعلان کیا۔اتحاد نے پی ٹی آئی کے نمائندے کو کوآرڈینیٹر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔پریس کانفرنس کے دوران محمود خان اچکزئی نے کہا ہمارا افواج یا ایجنسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے، دوسرے صوبے بھی حق تلفی کا شکوہ کر رہے ہیں، جب تک ملک کے سب فیصلے اور پالیسی سازی پارلیمنٹ میں نہیں ہوگی، مسائل حل نہیں ہوں گے ۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کیخلاف اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے جمعہ کو احتجاج کیا جائے گا، ججز کیس عدلیہ کے لیے ٹیسٹ کیس ہے۔سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا اور ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے کہا پنجاب میں اپوزیشن کیخلاف ایکشن شروع کر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close