عمران خان نے ڈیل کی تو کیا نقصان ہوگا؟ سینیٹر حامد خان کا اہم بیان آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءسینیٹر حامد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا جیل سے باہر آنا ڈیل کے تحت ہی ہو سکتا ہے مگر ایسا کرنے سے انہیں سیاسی نقصان ہوگا،عمران خان جب تک اپنے بیانیے پر قائم رہیں گے وہ لوگوں میں مزید ہردلعزیز ہوں گے،تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات مسئلہ بن سکتے ہیں۔

حامدخان نے کہا کہ آئین کی بحالی کیلئے جمعہ سے ملک گیر تحریک شروع کررہے ہیں۔، وکلاءاس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججوں کا خط امید کی کرن ہے، سپریم کورٹ اس معاملہ میں ابھی تک واضح نظر نہیں آئی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءتارڑ کاکہناہے کہ حکومت کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات کا تاثر بالکل غلط ہے، بانی پی ٹی آئی کو حکومت کی طرف سے مذاکرات کی ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماءبیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم مزاحمت نہیں کررہے مگر مفاہمت سے انکار بھی نہیں ہے، کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہونے جارہے ہیں،عوام اپنے حقوق کےلئے آواز اٹھائیں، عوام کے ووٹ کی قدر ہونی چاہیے، عوام نے جو انتخابی نتائج دیکھے وہ پہلے سے طے شدہ تھے۔

جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کا کوئی پیغام آیا تو اطلاع دیں گے، کوئی مذاکرات کریں گے تواس سے آگاہ کریں گے۔جیل میں القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تھی۔انشااللہ سیاسی بنیادوں پر بنے ہوئے کیسز جلد ختم ہونگے۔ہم آئین وقانون کی بات کرتے ہیں، جیل میں کسی صورت ٹرائل نہیں چل سکتا،آپ اوپن ٹرائل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close