اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور آئینی فورمز پر کرنے والی باتیں پریس کانفرنس میں کر کے صرف سیاست کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے کی پریس کانفرنس نیشنل سکیورٹی اور دہشتگردی جیسے حساس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے۔ علی امین گنڈا پور نے یہ نکات متعلقہ فورمز پر کبھی کیوں نہیں اٹھائے جن میں وہ شریک ہوتے رہے ہیں۔دہشتگردی کے واپس آنے کی بنیادی وجہ ان کے لیڈر کی بطور وزیر اعظم غلط پالیسیاں تھیں،ان پالیسیوں کا خمیازہ آج پاکستان بھگت رہا ہے۔وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا آپ نے مذاکرات کے نتیجے میں دہشتگردوں کو جیلوں سے نکالا اور واپس لا کر آباد کیا، جیلوں سے نکل کر دہشت گرد دوبارہ منظم ہوئے اور دہشت گردی شروع کی۔ اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر نہ ڈالیں۔ خیبر پختونخوا میں 10 سال سے اقتدار میں آپ ہیں اور صوبہ کنگال ہوچکا ہے، نیشنل سیکیورٹی کے معاملات پر سیاست اور سستی شہرت کا حصول قابل مذمت ہے۔ وفاق کے پاس خیبر پختونخوا کا کوئی معاملہ زیر التوا نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں