لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءخواجہ سعد رفیق نے اپنی تقریر ایڈٹ کر کے جاری کرنے پر پی ٹی آئی کیخلاف قانونی کارروائی کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے ان کی تقریباً 2 سال پرانی تقریر کو ایڈیٹ کیا ہے جس سے تقریر کا مطلب ہی بدل گیا ہے۔ فراڈ، جھوٹ اور سازش میں پی ٹی آئی کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ اس غیر قانونی عمل پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ذریعے قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنماءسعد رفیق کا کہنا تھا کہ میں ان کو نوٹس بھجوا رہا ہوں اب انہیں بتانا پڑیگا کہ میری پرانی تقریر کو ایڈٹ کرکے کیوں جھوٹا پروپیگنڈہ کیا گیا انہیں اب جواب دینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ ہر چیز میں جھوٹ بولے اور عوام کو گمراہ کیا جائے ۔
یہ لوگ جھوٹے پروپیگنڈے کرکے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے ۔پی ٹی آئی والوں کو چاہئے کہ سیاست کا مقابلہ صرف سیاست کے میدان میں کریں نہ کہ سوشل میڈیاپر جھوٹی افواہیں پھیلا کر عوام کو گمراہ کریں ۔ن لیگی رہنماءخواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ہم صبرو تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ پی ٹی آئی والے ہمارے خلاف جو مرضی بولتے رہیں اور ہم چپ بیٹھ کر سب کچھ دیکھتے رہیں ۔ تحریک انصاف والوں کو چاہئے کہ وہ اب گمراہی ،جھوٹ اور نفرت کی سیاست کو چھوڑ کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔عوام اب ان کے کسی بہکاوئے میں نہیں آئیں گے ۔پی ٹی آئی کو اپنی سیاست پر نظر ثانی کرنی چاہئے اگر ہم نے کچھ کہہ دیا تو یہ لوگ برا منا جائیں گے ۔نفرت،جھوٹ اور تقسیم کی سیاست سے ملک کی خدمت نہیں ہو سکتی پی ٹی آئی والوں کو اب اس سے توبہ کر لینی چاہئے۔کسی کی تضحیک اور بہتان لگانے سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں