پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں، پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی

کراچی ( پی این آئی ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ریلی کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

 

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقہ سچل میں پولیس نے ریلی کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کارکنان کو حراست میں لے لیا، پولیس نے سچل تھانے کی حدود سے 7 پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو ریلی کے احکامات نہیں ملے، پی ٹی آئی کے کارکنان ریلی نہیں نکالنا چاہتے بلکہ شاہراہ کو بلاک کرنا چاہتے ہیں، ہم قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کراچی ڈویژن نے انصاف ہاؤس تا مزار قائد ریلی کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن اب تک پی ٹی آئی کے کارکنان انصاف ہائوس پر جمع نہ ہوسکے کیوں کہ کراچی کے انصاف ہاؤس پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، پولیس نے انصاف ہاؤس کے باہر شاہراہ فیصل پر بھی ناکہ لگا دیا ہے، پولیس نے شاہراہ فیصل پر لاٹھی چارج کرنے والے اہلکاروں کو تعینات کردیا اور کہا ہے کہ روڈ بلاک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

 

 

کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ہم ریلی نکالنے آئے ہیں، عوام کو آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، ہم بھاگنے والے نہیں کراچی کے عوام کے پاس آئے ہیں، کوشش ہوگی کہ کراچی کی تمام قیادت عوام کو نظر آئے۔ کراچی ڈویژن کی دعوت پر کراچی پہنچا ہوں، کراچی پولیس نے ہمارے ورکرزکو گرفتار کیا ہے، ہمیں پیپلز پارٹی سے اس طرح کی کوئی امید نہیں، پیپلز پارٹی کو چاہیے کہ سندھ میں بے امنی کے خلاف کام کرے، ہمیں سندھ میں دو سال سے جلسوں کی اجازت نہیں ہے، اسی طرح قصور میں بھی سارے راستے بند تھے پھر بھی ریلی نکلی۔

close