ضمنی الیکشن، پولنگ کا وقت بڑھایا جائیگا یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرلیا

لاہور( پی این آئی) ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کا پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ گا عمل مقررہ وقت پر 5 بجے ختم ہو جائے گا، تمام پولنگ سٹیشنز کے دروازے شام 5 بجے بند کر دیئے جائیں گے، پولنگ سٹیشن کے احاطہ کے اندر موجود لوگ ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، صبح 8 بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی، عوام نے جوش و جذبہ سے انتخابی عمل میں حصہ لیا، گرمی کی وجہ سے علی الصبح ٹرن آئوٹ زیادہ رہا تاہم دوپہر کے بعد ٹرن کم ہونا شروع ہو گیا، ضمنی الیکشن کے سلسلے میں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 2،2 اور صوبہ سندھ کی ایک نشست پر پولنگ ہورہی ہے اس کے علاوہ پنجاب میں 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 2،2 صوبائی نشستوں پر بھی ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خالی کردہ نشست این اے 132 قصور پر ن لیگ کے ملک رشید احمد خان اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر مدمقابل ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کی ہوئی نشست این اے 119 لاہور پر ن لیگی امیدوار علی پرویز ملک کا پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق سے مقابلہ ہے، صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خالی کردہ نشست این اے 44 پر آزاد امیدار فیصل امین گنڈاپور اور پیپلز پارٹی کے عبدالرشید کنڈی میں کانٹے کے مقابلے توقع کی جارہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ضمنی الیکشن کے دوران مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہے، انٹرنیٹ سروسز بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، اس ضمن میں پی ٹی اے نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں 21 اور 22 اپریل کو بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلاتعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں