ملت ایکسپریس واقعہ: جاں بحق ہونیوالی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

لاہور(پی این آئی)ملت ایکسپریس میں تشدد کا نشانہ بننے کے بعد پر اسرار طور پر ہلاک ہونے والی خاتون مریم کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نے اپنے بال کھولے ہوئے ہیں اور وہ چیخ و پکار کرتے ہوئے جھوم رہی ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون کے ہمراہ دو بچے ایک لڑکا اور ایک لڑکی بھی ہے، بچوں کو بھی مریم کی جانب سے زور زور سے کلمہ پڑھنے کا کہا جارہا ہے۔وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں مریم کی ٹرین کے ڈبے میں برتھ پر لیٹے شخص سے تلخ کلامی بھی سنی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا بعد ازاں خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار ضمانت پر رہا ہوگیا تھا۔سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close