اسلام آباد ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف نے مبینہ دھاندلی کے باعث اسلام آباد کی 3 نشستوں کے انتخابی نتائج کو چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں میں مبینہ دھاندلی کواسلام آباد ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا ہے جہاں پی ٹی آئی کے تینوں امیدواروں نے کامیاب قرار دیئے جانے والے ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی استدعا کردی، این اے 46 اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار عامر مغل، این اے47 سے شعیب شاہین اور این اے 48 سے علی بخاری نے انتخابی نتائج کو ٹریبونل میں چیلنج کیا، تحریک انصاف کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 8 فروری کے انتخابی نتائج میں تبدیلی اور دھاندلی کی گئی۔
ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کی نو منتخب رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی کو چیلنج کردیا گیا، نواب شاہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے پیپلزپارٹی کی بلامقابلہ منتخب ہونے والی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کی گئی ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار مصطفیٰ رند عدالت پہنچے جہاں انہوں نے درخواست دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن، آصفہ بھٹو زرداری اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، تحریک انصاف کے امیدوار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مجھے اغواء کیا گیا جس کے بعد زبردستی میرے کاغذات نامزدگی مسترد کرائے گئے۔ بتایا جارہا ہے صدر مملکت آصف علی زرداری اور بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ حلقہ این اے207 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں.
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں