عمران خان کی جلد رہائی کا دعویٰ کردیا گیا

کوئٹہ ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور قومی اسمبلی میں قائدِ حذبِ اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے عوام کو شعور دیا اس لیے شریف خاندان قیدی نمبر 804 سے خوفزدہ ہے، عمران خان جلد رہا ہوں گے۔

آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے اور یہ حکومتیں ختم ہو جائیں گی۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے، یہ پرانا پاکستان نہیں ہے اب لوگ بیدار ہو چکے ہیں، پشین اور چمن جلسوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جھنڈے نہیں لہرانے دیئے گئے، کارکنوں کو زد و کوب کیا گیا لیکن رکاوٹوں کے باوجود جلسے کامیاب ہوئے۔ عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ ہمارے اتحاد میں شامل جماعتیں پورے ملک میں جلسے کریں گی، سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بہت جلد رہا ہوں گے، سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہیں ہونا چاہئے، سویلین کیلئے سویلین عدالتیں ہونی چاہئیں، بلوچستان کے وسائل پہلے بلوچستان کے لوگوں پر خرچ ہونے چاہئیں۔ گزشتہ روز اپوزیشن اتحاد ’تحریک تحفظ آئین‘ کے زیر اہتمام پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی ہے لیکن حکومت بلوچستان نے پشین کے راستے میں جگہ جگہ ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سے کارکنوں اور پارٹی کے جھنڈوں کو نہیں چھوڑا جارہا لیکن ہم ملک میں جہاد کے لیے نکلے ہیں یہ جہاد ملک کی آئین اور بالادستی کے لیے ہے اور اس تحریک کے ذریعے اپنا حق لے کر رہیں گے۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی ویڈیو سے سب عیاں ہو جائے گا، ملک کے عوام ہمیشہ تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے پیش پیش رہے، اپوزیشن اتحاد پورے ملک میں جلسے کرے گا، ہر طبقے کے پاس جائیں گے، آئین کی پاسداری ہوئی تو عمران خان اور دیگر قائدین جیلوں سے باہر آسکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close