لاہور (پی این آئی) محکمہ تعلیم اسکولزپنجاب نے عیدالفطر کی چھٹیوں کے بعد موسم گرما کے پیش نظر اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم اسکولزپنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق موسم گرما کے باعث 15 اپریل بروز پیر سے اسکول صبح 8 بجے لگیں گے اور چھٹی ایک بج کر 30 منٹ پر ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق جمعے کے روز اسکولوں میں چھٹی 12 بجے ہوا کرے گی۔ اسی طرح ڈبل شفٹ اسکولوں میں مارننگ شفٹ صبح 8 بجے شروع ہوگی اور چھٹی ساڑھے 12 بجے ہوگی۔ ایوننگ شفٹ دوپہر ایک بجے شروع ہوگی اور ایوننگ شفٹ کی چھٹی کی ٹائمنگ ساڑھے 5 بجے ہوا کرے گی۔ جمعہ کے روز ڈبل شفٹ کی مارننگ ٹائمنگ صبح 8 بجے سے دن 12 بجے جبکہ ایوننگ ٹائمنگ اڑھائی بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے ہوگی۔اسکولوں کے موسم گرما کے اوقات کار 15 اپریل سے 15 اکتوبر 2024 تک نافذالعمل رہیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ آثار قدیمہ پنجاب نے صوبہ بھر کے تاریخی مقامات عید کی چھٹیوں میں کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی پنجاب ظہیر عباس ملک کی طرف سے باضابطہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری عید کی چھٹیوں کے دوران تاریخی مقامات کی سیر کرسکتے ہیں۔ ڈی جی آرکیالوجی نے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ نے سیر کے لئے آنے والوں کی سہولت کے لئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ مزید برآں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کے ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز نے مزید ہدایت کی ہے کہ چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔
نمازعید کے اجتماعات خصوصاً مساجد اور امام بارگاہوں کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ چاند رات اور عیدالفطر پرپولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے پولیس حکام کو حکم دیا کہ مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ سینئر پولیس آفیسر چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ امن عامہ کیلئے پولیس کو محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہو گا۔وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں