اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے عدالت سے عمران خان کے میڈیکل چیک میں رکاوٹیں ڈالنے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، اعلامیہ کورکمیٹی پی ٹی آئی میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عاصم کو ان کا طبی معائنہ کرنے کی اجازات دی جائے، عمران خان، شاہ محمود قریشی اور چوہدری پرویزالہیٰ کو ملاقات کے آئینی حق سے محروم کرنے کا بھی نوٹس لیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ میں تحریک انصاف کور کمیٹی نے جیل انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کو بانی چئیرمین عمران خان کے میڈیکل چیک اپ سے روکنے کی شدید مذمت کی۔ عدالت سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے میڈیکل چیک میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا نوٹس لینے اور ڈاکٹر عاصم کو ان کا طبی معائنہ کرنے کی اجازات فراہم کرنے کی استدعا کی۔کور کمیٹی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے معزز جج جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف جوڈیشل کونسل میں دائر کردہ ریفرنس کی شدید مذمت کی۔
کور کمیٹی تحریک انصاف نے کہا کہ جسٹس محسن اختر کیانی کے خلاف مس کنڈکٹ کا ریفرنس ججز کو خوفزدہ اور ہراساں کرنے کی حکومتی کوششوں کا ایک حصہ ہے، عدالتی امور میں خفیہ اداروں کی مداخلت کا انکشاف کرنے والے معزز جج صاحبان کو دھمکی آمیز خطوط کی ترسیل کے بعد ایک مخصوص جج کے خلاف مِس کنڈکٹ کا ریفرنس عدلیہ مخالف منظم منصوبے کا شاخسانہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں