سابق وزیراعظم نے نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کر لیا

اسلام آباد(پی این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کرلیا،شاہد خاقان عباسی نے سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے کوائف الیکشن کمیشن میں جمع کرادئیے۔

اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ دستاویزات فراہم کردی ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق سیاسی جماعت رجسٹر کرارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ آئندہ انتخابات میں نئی سیاسی جماعت کے تحت الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ یکم فروری 2023 کو شاہد خاقان عباسی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ایک دوسرے کو کرپٹ کرپٹ کہنا چھوڑنا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن اتنا متنازع الیکشن بن گیا ہے جو ملک کو نقصان پہنچائے گا کیونکہ جب لوگوں کا سسٹم سے اعتماد اٹھ جائے تو نقصان ہی ہوتا ہے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا الیکشن کا یہ حال ہے کہ جیتنے والے بھی آج ہار گئے ہیں، حل صرف یہی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بیٹھیں گے تو ملک آگے بڑھے گا ورنہ نقصان ہوگا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہاتھا کہ سیاسی جماعتیں ملکی مسائل پر بات نہیں کر رہیں، نئی سیاسی جماعت بنا رہے ہیں کیونکہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی بات نہیں ہو رہی، موجودہ انتخابی مہم میں بھی پاکستان کے مسائل پر کوئی بات نہیں کی گئی سابق وزیراعظم کا کہنا تھا سیاسی جماعتیں ملکی مسائل پر بات نہیں کر رہیں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close