شہریار آفریدی کو بڑی حمایت مل گئی

اسلام آباد(پی این آئی) شہریار آفریدی کو بڑی حمایت مل گئی۔۔۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر اور شیر افضل مروت پارٹی میں اختلافات کی بات کرنے والے شہریار آفریدی کی حمایت میں سامنے آگئے۔ دونوں نے کہا کہ شہر یار نے جو بات کی وہ درست کی ہے، خرم ذیشان کا نام ڈراپ کرنا بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کی توہین ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ شہریار آفریدی کی بہت ساری قربانیاں ہیں، وہ ہمارے لیڈر ہیں، جو لوگ پریس کانفرنس کر چکے، بیانات دے چکے، ان کا واپس آنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ جسے جو بات کرنی ہے پارٹی پلیٹ فارم سے کرے، جو کہتے ہیں بشریٰ بی بی کو زہر نہیں دیا گیا، وہ شوکت خانم اسپتال سے ٹیسٹ کرالے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمے داری نبھانے میں ناکام ہو چکا، ہمارے امیدواروں کی جیت کو شکست میں بدلا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو خبردار کرنا چاہتے ہیں ہماری اکثریت کو اقلیت میں نہ بدلے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ شہریار آفریدی نے جو بات کی میں اس کی تائید کرتا ہوں، شہریار آفریدی نے خرم ذیشان کے لیے آواز اٹھائی ہے، خرم ذیشان کا نام ڈراپ کیا جانا بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کھینچا تانی ہورہی ہے، جو لوگ یہ کر رہے ہیں میں کھل کر ان کے ساتھ کروں گا، یہ لوگ میرے بغض میں کر رہے ہیں اور پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں،

بانی پی ٹی آئی کوبھی بتاؤں گا، یہ درست ہے پارٹی کے اندر کچھ لوگ مجھے فرنٹ فٹ پر نہیں دیکھنا چاہتے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات اب کھل کر سامنے آگئے، پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کوہاٹ کے جلسے میں پی ٹی آئی قیادت کو دھمکی دے دی اور کہا کہ پارٹی کے اندر اس وقت کچھ منافق اور آستین کے سانپ موجود ہیں، چند لوگوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اب تک خاموش ہیں، انہیں پھٹنے پر مجبور نہ کریں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close