فواد چوہدری کو بالآخر اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

راولپنڈی (پی این آئی ) فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور کئی ہفتوں سے اڈیالہ جیل میں قید فواد چوہدری کو بالآخر رہائی مل گئی۔

 

 

فواد چوہدری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منظور کر کے بعد رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں جمعہ کی شب کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد فواد چوہدری اپنی اہلیہ کے ساتھ رواںہ ہو گئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی 22 مقدمات میں تین ہفتوں کی حفاظتی راہداری ضمانت منظور کی گئی، اس حوالے سے عدالت نے پولیس کو سابق وفاقی وزیر کو گرفتار کرنے سے روک دیا اور فواد چوہدری کو تین ہفتوں میں متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کا حکم دیا ۔

 

 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے حفاظتی ضمانت منظور کی جہاں فواد چوہدری کی جانب سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں درج مقدمات میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے راہداری ضمانت کی استدعا کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں فواد چوہدری کے خلاف جہلم پنڈ دادن خان پراجیکٹ میں زمین کی خرد برد کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست ضمانت پر سماعت کی، دوران سماعت ان کے وکیل قیصر امام نے بتایا کہ ’18 دسمبر 2023 کو وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، فواد چوہدری پر پانچ الزامات لگائے گئے ہیں، الزام ہے کہ فواد چوہدری نے سیاسی اثر رسوخ کو پراجیکٹ میں استعمال کیا ہے‘۔

 

 

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ ’ہمارے پاس گواہ ہے جو کہتا ہے کہ فواد چوہدری نے پچاس لاکھ روپے رشوت لی‘، اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ’پچاس لاکھ روپے نیب کے دائرہ اختیار میں کیسے آتا ہے؟‘ جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ’کیس ابھی انکوائری اسٹیج پر ہے مزید تفصیلات حاصل کر رہے ہیں، ایکنیک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو لکھ رکھا ہے‘۔اس پر اطہار برہمی کرتے ہوئے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ’نیب نے شواہد کے لیے بعد میں لکھا اور بندہ پہلے گرفتار کر لیا؟ نیب کے پاس فواد چوہدری کے خلاف سب سے مرکزی شواہد کیا ہیں؟‘ اسی دوران نیب پراسیکیوٹر کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دینے پر بھی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ برہم ہوئے اور کہا کہ ’سپریم کورٹ کو چھوڑیں پہلے شواہد تو بتائیں‘، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں