استعفیٰ منظور کرلیاگیا

لاہور(پی این آئی) گورنر پنجاب نے ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن کا استعفیٰ منظور کرلیا،بورڈ ممبران نے آمنہ کامران کو عارضی پرنسپل تعینات کرنے کی منظوری دیدی ،

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن کے درمیان اختلافات کا مسئلہ سلجھ گیا ہے اور گورنر پنجاب کی جانب سے پرنسپل کا استعفیٰ منظور کر لیا گیاہے جبکہ ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں فیس معافی سے متعلق اہم شرائط کیساتھ پالیسی کی منظوری دیدی گئی ہے۔بورڈ آف گورنرز نے 100 فیصد فیس معافی اور تمام بچوں کوفیس معافی دینے کی شدید مخالفت کی۔ جونیئر، پریپ کے بچوں کو 50 فیصد ، حافظ قرآن کی پچاس فیصد فیس معافی کی منظور ی دی گئی جبکہ سینئر سکول کے بچوں کی فیس معافی کی پالیسی کو یکسر مسترد کر دیا گیا۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بطور صدر بورڈ آف گورنرز ایچی سن کالج پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے کہا اختلاف پر مشاورت کیلئے تیار ہیں۔ایچی سن کالج کے بیشتر ممبران نے کہا کہ کسی بھی فیصلے سے قبل کمیٹی کی رپورٹس کو مدنظر رکھا جاتا تو بہتر تھا، مائیکل اے تھامسن نے ایچی سن کالج کو بہت بہتر کیا ، ہمیں ان کی خدمات کو سراہنا ہو گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے گورنر پنجاب سے اختلافات کے باعث25مارچ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیاتھا۔اپنے خط میں وجہ بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چند افراد کی خاطر پالیسیوں میں تباہ کن تبدیلیاں لائی گئیں، سکولوں میں اقرباءپروری اورسیاست کی کوئی گنجائش نہیں، گورنر ہاوٴس کے جانبدارانہ اقدامات کے باعث گورننس کانظام تباہ ہو گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close