2سال سے جو ہورہا ہے زبان زدعام ہے، زرتاج گل کھل کر بول پڑیں

اسلام آباد(پی این آئی)2سال سے جو ہورہا ہے زبان زدعام ہے، زرتاج گل کھل کر بول پڑیں۔۔۔تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو زہر دے کر عمران خان کو جھکانے کی کوشش کی جارہی ہے، تحریک انصاف کے ساتھ 2سال سے جو ہورہا ہے زبان زدعام ہے، پی ٹی آئی کی خواتین پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور ان کی چادر چار دیواری کو پامال کیا گیا ،ان کو اندازہ ہے کہ جیل میں قید خواتین کے اہل خانہ پر کیا گزر رہی ہے، عمران خان نے پاکستان کو صحیح معنوں میں خودمختار بنانے کا مقدمہ لڑا، عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر، فلسطین، سبز پاسپورٹ اور شانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقدمہ لڑا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پروگرام میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے بھی شرکت کی ۔ زرتاج گل کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے معاملات دن بدن گرتے جارہے ہیں، بشریٰ بی بی کی جان کو خطرے کی خبریں کافی دنوں سے آرہی ہیں، بشریٰ بی بی کو زہر دے کر عمران خان کو جھکانے کی کوشش کی جارہی ہے،9مئی کو ڈیرہ غازی خان میں تھی لیکن صرف پنڈی ڈویژن میں مجھ پر 14دہشتگردی کی ایف آئی آر درج کردی گئیں، مجھ پر 43کیسز بنائے گئے اتنے کیس شاید پاکستان کی تاریخ میں کسی عورت پر نہیں ہوں گے،سب پرچے ختم ہوگئے تو مجھ پر گائے چوری کا مقدمہ بھی کردیا گیا۔

زرتاج گل کا مزید کہنا تھا کہ اعظم سواتی کی پرائیویسی میں مداخلت ہوئی تو وہ رو رہے تھے، آج ججوں کے گھروں کی پرائیویسی بھی محفوظ نہیں رہی ہے، (ن) لیگ نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا، ان پر ظلم ہوا تو کہا مخالفین پر سو گنا زیادہ ظلم کرو، ا ن کی وجہ سے پنجاب میں بھی گمشدگیاں شروع ہوگئی ہیں، اویس لغاری کو جتوانے کیلئے( ن) لیگی حکومت نے مجھ پر 43مقدمات درج کروائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close