نیا تعلیمی سال شروع ہوتے ہی طلبا کیلئے بُری خبر

لاہور (پی این آئی) نیا تعلیمی سال شروع ، سکولوں میں طلباء طالبات کو تاحال نئی کتابیں نہ مل سکیں۔۔۔

 

 

 

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر2 کروڑ کتب کی اشاعت ہونی ہے، 45 لاکھ کتب اضلاع تک پہنچا دی گئی ہیں، 20 مئی تک تمام سکولوں کو کتابیں پہنچا دی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق درسی کتب کی ترسیل میں تاخیر کے معاملہ پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آتے ہی کتب میں تاخیر کے معاملے کا نوٹس لیا تھا اور درسی کتب کی پرنٹنگ کا عمل 7 کے بجائے 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرلیا گیا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے تعلیمی سیشن شروع ہونے سے پہلے تمام طلبہ کو درستی کتب کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ مریم نوازشریف کی ہدایت پر گذشتہ ایک ہفتے میں 4 جائزہ نشستیں بھی ہوئیں۔

 

 

رانا سکندر حیات نے کہا کہ ایک ماہ سے کم عرصہ میں 33 فیصد کتب کی پرنٹنگ اور 30 فیصد کی تقسیم کا مرحلہ مکمل کیا گیا۔ کتب کی فراہمی کا پہلا مرحلہ 31 مارچ کو مکمل ہو چکا ،دوسرا 20 اپریل اور تیسرا 20 مئی تک مکمل کر لیں گے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ مجموعی طور پر 2 کروڑ کتب کی اشاعت ہونی ہے جس میں سے 75 لاکھ کی اشاعت مکمل ہو چکی ہے۔ اضلاع تک 45 لاکھ کتب پہنچائی جا چکی ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ سال ٹینڈرز میں تاخیر سے مسئلہ پیدا ہوا۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے ذمہ داری سنبھالنے سے قبل ٹینڈر مکمل ہوچکے تھے۔ ٹینڈرز کا عمل 20 فروری تک مکمل ہوا، اشاعت کی تیاری 19 جنوری سے شروع ہوئی جبکہ 22 جنوری کو دئیے گئے ٹینڈر 6 فروری کو اوپن ہوئے۔ اس طرح اشاعتی اداروں کو پرنٹنگ کا ٹاسک 26 فروری کو دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close