کراچی(پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے فیصل واوڈا کے مقابلے میں اپنا امیدوار دستبردار کروالیا،فیصل واوڈا کا سینیٹ کا رکن بننے کی راہ ہموار ہوگئی،سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سرفراز راجڑ ریٹائر ہوگئے ہیں۔
سرفراز راجڑ نے الیکشن کمیشن آفس میں ریٹائرمنٹ کی درخواست جمع کروادی ہے۔سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے مجموعی طورپراب تک 6امیدوار دستبردار ہوچکے ہیںجن میں عاجزدھامرا،مسرت نیازی،گہنوراسران نے کاغذات نامزدگی واپس لئے تھے جبکہ جاوید نایاب لغاری،سریندرولاسائی اور ڈاکٹرکریم خواجہ بھی الیکشن سے قبل دستبردار ہوگئے تھے۔
دوسری جانب سے پیپلز پارٹی نے اپنے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن میں فیصل واوڈا کو ووٹ دیں جس کے بعد سینیٹ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی آزاد امیدوار فیصل واوڈا کو ووٹ دیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے فیصل واوڈا کو سینیٹ ووٹ دینے کا یقین دلا دیا گیا، ارکان کے ووٹوں کے بعد فیصل واوڈا جنرل نشست پر آزاد سینیٹر منتخب ہوں گے۔
چند روز قبل ایم کیو ایم پاکستان نے بھی آزاد امیدوار فیصل واوڈا کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ایم کیو ایم کی ایڈہاک کمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد سندھ کی جنرل نشست پر عامر چشتی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ تھا جبکہ فیصل واوڈا کو بطور آزاد امیدوار سپورٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن سندھ کے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما شبیر قائم خانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ پارٹی پر باہر سے کوئی مسلط نہیں ہوتا، سب کی قربانیاں ہیں، پارٹی نے ہمیں کہا کہ کاغذات واپس لے لیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں