لاہور(پی این آئی) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے میٹرک امتحانات میں نقل کے حوالے سے بڑے انکشافات کئے ہیں۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق مجھے پیپر مافیا کی جانب سے دھمکیاں اور بڑی بڑی آفرز دی گئی ہیں،پنجاب کو سندھ اور کراچی نہیں بننے دوں گا، مافیا کا پیچھا جاری رکھوں گا،ابھی تک 30 افراد گرفتار کروا چکا ہوں ، جلد بڑے بڑے لوگ بے نقاب ہوں گے۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ گرفتار افراد کے ذریعے مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں،آج پیر کے روز ہونے والے ریاضی کے پرچے کی ایڈوانس بکنگ بھی ہو چکی ہے،پرائیویٹ سکول مافیا نے بھی اپنے بچوں کو نمبرز دلوانے کیلئے سنٹرز خریدے ہیں،امتحانی سنٹرز 80 ہزار روپے میں بیچے گئے ہیں،پورے پورے سنٹرز کا سودا ہونے کے شواہد ملے ہیں،پرچے کا ریٹ 4 ہزار سے 7 ہزار کے درمیان ہے،انویجیلیٹرز نے سوشل میڈیا پر فی پرچہ فیس کے پیغامات ڈال رکھے تھے۔انہوں نے کہاکہ شفافیت برقرار رکھنے میں ناکامی پر چیئرمین بورڈ کی معطلی ابھی آغاز ہے،چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر امتحانات بھی بوٹی مافیا کے ساتھ ملے ہوئے تھے،کنٹرولر امتحانات نے انویجیلیٹرز پورے کرنے کیلئے پرائیویٹ لوگ رکھنے کی اجازت دی،پرچوں کی خرید و فروخت میں بڑا اور منظم گروہ ملوث ہے۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ ماضی میں اس گروہ پر کسی نے ہاتھ ڈالنے کی کوشش نہیں کی،یہ مافیا کسی سے پکڑا نہیں جا رہا تھا، مریم نواز نے اس کے خلاف سٹینڈ لیا ہے،اس مافیا میں کچھ حد تک پرائیویٹ سکولز بھی شامل ہیں،یہ پیپر مافیا ہر ضلع میں موجود ہے،مافیا اس حد تک طاقتور ہے کہ کنٹرولرز بھی ان کی مرضی کے لگتے ہیں،لاہور میں 70 سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈٹ شیخوپورہ سے لا کر لگائے گئے، حیرت ہے انٹر پاس انجویجیلیٹر میٹرک کے امتحانات لینے کیلئے لگائے گئے، شہروں میں یہ حالات ہیں تو دیہاتوں میں کیا عالم ہوگا،سابقہ حکومت کی نام نہاد تعلیمی پالیسیوں کے نتائج کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ کسی دھمکی کو خاطر میں نہیں لاوں گا ڈٹا رہوں گا،طلبہ کے محفوظ مستقبل کیلئے اپنے قدم پیچھے نہیں ہٹائے گا،مریم نواز کی قیادت میں پیپر مافیا کا آخری فرد تک پیچھا کروں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں