عید الفطر کی چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن ہی جعلی نکلا

لاہور (پی این آئی) عید الفطر کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جعلی قرار۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر عید الفطر کی تعطیلات کے حوالے سے وفاقی حکومت کا ایک نوٹیفیکیشن گردش کر رہا ہے، جس کے حوالے سے اب وزارت داخلہ نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے عید الفطر کی چھٹیوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت نے 9اپریل منگل سے 12اپریل جمعے تک عید کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ تھا کہ سرکاری ملازمین یا جن کے دفاتر ہفتہ، اتوار بند رہتے ہیں انہیں عید پر 6چھٹیاں ملیں گی۔و زارت داخلہ کے ترجمان نے وضاحت کی کہ حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا،سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔

ترجمان نے کہاکہ حکومت کی جانب سے چھٹیوں کا فیصلہ ہونے کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں عیدالفطر کے موقع پر ملازمین کو لمبی چھٹیاں ملنے کی توقع ہے۔ اس بار محکمہ موسمیات کی جانب سے رمضان المبارک 29 دن کا ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے درست ہونے کی صورت میں عیدالفطر 10 اپریل بروزبدھ کو ہوگی اور پاکستان میں عید سے ایک روز قبل تعطیلات کا آغاز ہو جاتا ہے، جس کے تحت 9 اپریل بروز منگل کو پہلی چھٹی ہوسکتی اور ممکنہ طور پر 9 اپریل سے 12 اپریل تک 4 دن کی چھٹیاں ملنے کا امکان ہے لیکن اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی سرکاری چھٹی ہوتی ہے جس سے ان چھٹیوں کی تعداد 6 ہو جائے گی، تاہم چھٹیوں کے بارے میں حتمی اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔

یہاں دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اکثر سرکاری ملازمین 6 اپریل بروز ہفتہ سے ہی چھٹیوں پر چلے جائیں گے اور اس طرح سے اس بار عیدالفطر پر زیادہ تر ملازمین 9 چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے کیوں کہ 6 اپریل کو ہفتے کے دن سرکاری چھٹی ہوتی ہے، اسی طرح اتوار کی بھی ہفتہ وار تعطیل ہے تو یوں اکثر ملازمین صرف ایک یا دو دن کی چھٹی لینے سے 9 دن کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں