جاوید لطیف کا مرکز میں حکومت بنانے سے متعلق بڑا دعویٰ سامنے آگیا

لاہور (پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ن لیگ میں 99فیصد لوگوں کا فیصلہ تھا کہ حکومت نہیں بنائیں گے، جب کوئی حکومت لینے کوتیار نہیں تھا تو شہباز شریف نے چیلنج سمجھ کر حکومت بنائی، اگر ماضی پر مٹی نہ ڈالی جاتی تو آج یہ حال نہ ہوتا، آج جن 6 ججز نے خط لکھا ان کا جواب مل جانا تھا اگر جسٹس شوکت صدیقی پر دباؤ ڈالنے والوں کا نا م فیصلے میں لکھ دیا جاتا۔

انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس ادارے کے اندر ، جس حکومت وقت کے اندر اور جس نے جو جو کچھ کیا ہے اس کو صلہ ملنا چاہیئے، اگر قصور کیا تو سزا ملنی چاہیے اور اگر اچھا کیا تو اس کا بھی ریوارڈ ملنا چاہئے۔ ذوالفقار بھٹو کا فیصلے لکھنے لکھوانے سنانے والے دنیا سے چلے گئے، لیکن نوازشریف کا فیصلہ لکھنے لکھوانے والے تو دنیا میں ہیں، جسٹس شوکت صدیقی کے خلاف ریفرنس لکھنے اور لکھوانے تو دنیا میں ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس لکھنے اور لکھوانے تو دنیا میں ہیں، چائے کا ایک کپ دوسری ریاست میں لہرایا گیا تو وہ بھی دنیا میں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close