ملک میں کتنے ہزار ارب روپے کی چوری ہورہی ہے؟ ہوشربا تفصیلات آگئیں

لاہور (پی این آئی) ملک میں 5 ہزار 800 ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف، صرف سیلز ٹیکس کی مد میں سالانہ تقریباً 2 ہزار 900 ارب روپے کی چوری جاری۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق قرضوں کے بوجھ تلے دب جانے والے اور کم آمدن کے بدترین بحران کی زد میں آ جانے والے پاکستان میں ہزاروں ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف شعبوں میں 5 ہزار 800 ارب روپے کی ٹیکس چوری کی جا رہی ہے۔ سامنے آنے والی دستاویز کے مطابق ملک میں صرف سیلز ٹیکس کی مد میں سالانہ تقریباً 2 ہزار 900 ارب روپے کی چوری جاری ہے۔ وفاق اور صوبوں کے اخراجات کا حجم جی ڈی پی کے 19فیصد کے مساوی، تاہم ٹیکس وصولی 11اعشاریہ 4 فیصد ہے۔اسمگلنگ کے باعث پٹرولیم سیکٹر میں 996 ارب روپے کی ٹیکس چوری، ریٹیل سیکٹر میں 888 ارب اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 562 ارب کا ریونیو گیپ ریکارڈ کیا گیا۔

 

 

دستاویز کے مطابق بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں سے بھی 498 ارب روپے کم ٹیکس وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔ برآمدی شعبے میں 342 ارب کی ٹیکس چوری جبکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بھی سالانہ ایک سو اڑتالیس ارب کم ٹیکس وصول ہورہا ہے۔ دیگر مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 1600 ارب سے زائد کے ٹیکس گیپ کا تخمینہ ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو ٹیکس نیٹ وسیع اور ریٹیلرز کی رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ پیر کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو ،ٹیکس نیٹ کو وسیع اور ریٹیلرز سکیم پر اجلاس ہوا، جس میں آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض پروگرام سے قبل ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کے اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق گفتگو ہوئی۔ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سیکریٹری خزانہ، ایف بی آر حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دی، وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو ریٹیلرز کیلئے لانچ کی گئی اسکیم کے خدوخال سے آگاہ کیا۔

 

 

ریٹیلرز اور ہول سیلرز کی رجسٹریشن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور شامل ہیں،سٹورز، دکانیں، ویئر ہاوسز، کاروباری دفاتر اسکیم کے تحت رجسٹریشن کروانے کے پابند ہوں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریٹیلرز اور ہول سیلرز کی رجسٹریشن کرکے ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جائے گا، تاجر دوست ایپ کے ذریعے تاجروں اور دوکانداروں کا سینٹرل ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close