گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملے میں ملوث شخص کریم جان کون نکلا؟شناخت ہوگئی

گوادر(پی این آئی)گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملے میں ملوث ایک دہشت گرد کی شناخت کریم جان کے نام سے ہوگئی جبکہ ہلاک دہشت گرد کریم جان کی بہن نے لاش کی حوالگی کے لیے سول اسپتال گوادر کو درخواست دے دی۔

 

 

ہلاک دہشتگرد کریم جان کی بہن نے اسپتال میں نعش کی شناخت کی۔ دہشتگرد کریم جان کی بہن کی نعش حوالگی کیلئے سول اسپتال گوادر کو درخواست میں کہا ہے کہ کریم جان دہشتگرد تنظیم کالعدم بی ایل اے (مجید بریگیڈ) کا رکن تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کریم جان بلوچ کا نام یکجہتی کونسل کی مسنگ پرسن کی لسٹ میں بھی تھا۔ دہشت گرد کریم جان کے چچا نے بیان میں بتایا کہ میرا بھتیجا مسنگ پرسن نہیں تھا بلکہ دہشت گرد تنظیم کالعدم بی ایل اے (مجید بریگیڈ) کا رکن تھا اور وہ اپنی مرضی سے اس تنظیم کے ساتھ رہ رہا تھا۔ دہشتگرد کریم جان ولد فضل بلوچ تربت کا رہائشی تھا اور 25 مئی 2022کو لاپتہ ہوا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلے دہشت گرد امتیاز ولد رضا محمد بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں تھا، وہ بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارا گیا تھا۔

 

 

 

سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ دہشت گرد عبدالودود ساتکزئی بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھا، دہشت گرد عبدالودود مچ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔ خیال رہے کہ 20 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے گوادر میں پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گرد حملہ ناکام بنادیا اور جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close